یکساں سول کوڈ کے لئے مسلم ممالک کا حوالہ درست نہیں

یکساں سول کوڈ کے لئے مسلم ممالک کا حوالہ درست نہیں

محمد قمر الزماں ندوی
مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ

اسلام ایک کامل و مکمل دین ،مستقل تہذیب اور کامل دستور العمل ہے ، یہ خدا کا نازل کردہ آخری دین ہدایت ہے ،اور اب صرف یہی دین یعنی اسلام اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک قابل قبول ہے ، جو اس کے علاوہ کسی اور دین کو قبول کرے گا وہ اللہ کے نزدیک ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا ،اور وہ آخرت میں گھاٹا و نقصان اٹھانے والوں میں ہوگا ۔ اسلامی شریعت کا قانون یہ خدا کا بنایا ہوا قانون ہے ،یہ اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی شریعت ہے ،اس میں کسی انسان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے اور نہ کسی فرد ،جماعت اور حکومت کو حق ہے کہ وہ منصوص اور کلی مسئلہ میں اپنی طرف سے کوئی رد وبدل کرے اور دین کے کسی مسلمہ اصول کی تشریح و تعبیر اپنے الفاظ میں اپنے من اور اپنی رائے و فکر سے کرے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے واسطے یہ دین ہم تک پہنچا ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دین کی تفہیم و تشریح کا فریضہ انجام دیا اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جماعت کو اس کے لئے تیار کیا، ان کی تربیت کی ، پھر صحابہ کے ذریعہ سے یہ پورا اسلام اور پوری شریعت ہم سب کو ملی ۔
شریعت اسلامی کو انسانی دست برد سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام مسلمانوں کو اس کا مکلف بنایا گیا ہے کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دین کو شامل کریں ،اس پر چلیں ،اسی کے مطابق اپنے تمام مسائل حل کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ کو سو فیصد اپنے لئے اسوہ اور نمونہ بنائیں۔ ما آتاکم الرسول خذوہ و مانھاکم عنہ فانتھوا ۔۔۔۔ لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوة حسنة..
قارئین باتمکین!!!!!!
آج کی مجلس میں خاص طور پر ہمیں بات کرنی ان لوگوں کے بارے میں جو لوگ یا جو حکومت کامن سول کوڈ کے جواز کےلئے مسلم حکومتوں اور مسلم ممالک کا حوالہ دیتے ہیں ۔
اسلام مخالف طاقتوں کی طرف سے اور موجودہ خود ساختہ مفکرین کی طرف سے بھی یہ بات دہرائی جاتی ہے اور بار بار حوالہ دیا جاتا ہے کہ جب مسلم ممالک اور موجودہ اسلامی حکومت میں مسلم پرسنل لا کو ختم کیا جاسکتا ہے ،اس میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ،اس میں رد و بدل کیا جاسکتا ہے اور حالات کے اعتبار سے اس کو اپٹوڈیث کیا جاسکتا ہے تو ہندوستان میں ایسی تبدیلی کیوں نہیں ہوسکتی ،یہاں یہ تبدیلی کیوں غلط ہوگی؟ ۔خاص کر وہ لوگ جو ہر معاملہ میں پڑوس ملک کے نام سے بدکتے ہیں ،اس معاملہ میں اس ملک کی دہائی دے کر ہندوستانی مسلمانوں کو پڑوس ملک کے مسلمانوں کی پیروی اور تقلید کا مشورہ دیتے ہیں ۔اور وہاں کی حکومت کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہیں ۔
مسلم پرسنل لا کی تنسیخ یا تبدیلی کی یہ دلیل بظاہر مضبوط اور قوی معلوم ہوتی ہے ،مگر اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔پہلی بات تو یہ ہے کہ جو قرآن وحدیث کے خلاف ہے ،وہ غلط ہے،خواہ کہیں ہورہا اور کوئی کررہا ہو۔مسلم ممالک کی غلط اور ناجائز کاروائی اسلامی شریعت اور اسلامی قانون نہیں کہلا سکتی ہے۔اور نہ اس بنیاد پر اسلامی قانون میں ترمیم و تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔جو چیز قرآن وحدیث کی روشنی میں صحیح اور درست ہے،اسے ہی صحیح اور اسلام کے مطابق کہا جائے گا۔
دوسری بات یہ ہے کہ مسلم ممالک میں پرسنل لا کی تبدیلی کا جو پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ،وہ در حقیقت افواہ ہے اور حقیقت سے دور ہے ۔عام طور پر مسلم ممالک میں مسلم پرسنل لا نافذ ہے، اور وہاں کے لوگ دین و شریعت کے مطابق اپنے عائلی مسائل حل کراتے ہیں ۔صرف چند ممالک ایسے ہیں جہاں تھوڑی بہت تبدیلی ہوئی ہے ۔ماضی بعید میں تبدیلی کی ایک اہم مثال آپ ترکی موجودہ ترکیہ کی پیش کرسکتے ہیں ،جہاں 1926ء میں نہ صرف مسلم پرسنل لا کو ختم کردیا گیا بلکہ انفرادی زندگی کے نظام کو درہم برہم کردیا گیا ، انتہا یہ ہوئی کہ انگریزی لباس کو قانونی شکل دی گئی،عربی زبان پر پابندی عائد کر دی گئی ،اسلامی عبادات پر بھی ہاتھ صاف کیا گیا ، اسلامی عائلی قوانین کو بھی ختم کردیا گیا اور مسلمانوں کو مجبور کیا گیا کہ وہ مذہب و معاشرہ کے معروف و مشہور اور منصوص طریقوں سے الگ ہو جائیں ۔اس قسم کے باطل قوانین کی مخالفت کرنے والے سیکڑوں علماء شہید کردئے گئے اور توپوں کے سائے میں اسلام اور اسلامی تعلیمات و قوانین کو حرف غلط کی طرح مٹایا گیا ۔۔علامہ اقبال مرحوم نے ان سے متاثر ہوکر بہت ہی بے قراری کی حالت میں کہا تھا ۔
چاک کردی ترک ناداں نے خلافت کی قبا
سادگی مسلم کی دیکھ آوروں کی عیاری بھی دیکھ

اور فرمایا تھا کہ
بیچتا ہے ہاشمی ناموس دین مصطفی
خاک و خون میں مل رہا ترکمان سخت کوش

اس وقت بھی ترک علماء اور عوام نے اس تبدیلی کو دل سے قبول نہیں کیا اور آخر کار ترکی حکومت قوانین بدلنے پر مجبور ہوئی، اور اب ترکی پھر بہت حد تک مسلم پرسنل لا کے قریب ہے اور اس پر ان کا عمل ہے ۔ خصوصا موجودہ ترکی کی، اب کیا حالت ہے ؟وہ آپ سب جانتے ہیں۔ الحمدللہ وہ ملک کتنا اسلام کے قریب آچکا ہے وہ سب آپ کی نگاہ اور نظر میں ہے ۔
کچھ دہائی قبل پڑوس ملک میں بھی کچھ تبدیلیاں لائی گئیں ،جب وہاں فوجی حکومت وقفہ وقفہ سے قائم ہوتی رہی ،جس کا ذکر یکساں سول کوڈ کے حامی اکثر کرتے رہتے ہیں ۔اگر چہ وہاں جو تبدیلیاں ہوئیں ان کا زیادہ تر تعلق انتظامی امور سے ہے ۔لیکن یہ بھی صحیح ہے کہ متعدد تبدیلیاں قانون شریعت کے خلاف ہوئی ہیں اور نہ صرف ہم ہندوستانی مسلمان بلکہ وہاں کے اکثر مسلمان اس کو غلط سمجھتے ہیں ۔جس وقت وہاں یہ تبدیلیاں لائی گئیں وہاں کے علماء اور غیرت مند مسلمانوں نے اس کے خلاف زبردست آواز اٹھائی ،احتجاج کیا اور عوام الناس نے بھی علماء کا ساتھ دیا ۔ مگر وہاں کی فوجی آمر حکومت نے اس کے باوجود مسلم پرسنل لا کے کچھ حصوں میں ترمیم و تبدیلی کر ڈالا ۔
ہمارا یہ ملک تو ایک عظیم جمہوری ملک ہے ،آمریت اور فوجی حکومت کو یہاں کا کوئی باشندہ اور یہاں کی حکومت پسند نہیں کرتی ،جمہوری نظام اور جمہوری طرز حکومت پر ہندوستان کو فخر حاصل ہے ،تو کیا یہاں بھی کسی کے پرسنل لا میں تبدیلی لاکر ہم آمریت اور غیر جمہوری حکومت اور اس کے نظام کی تائید کرنے کے لئے تیار ہوجانا چاہتے ہیں ؟۔ مجھے تو یقین ہے کہ نوے فیصد سے زیادہ لوگ اس نظام کو پسند نہیں کریں گے ۔۔
یاد رہے کہ وہاں اس جزوی تبدیلی کے باوجود وہیں کے بعض صوبے میں یہ ہدایتں بھی دی گئی ہیں ،زنا کرنے والوں اور شراب پینے والوں کو سزا نائٹ کلب اور ڈانس پر پابندی ،رمضان المبارک کا احترام ،تمام عملہ کے لئے نماز کی پابندی ،عورتوں کو چست کو چست اور جاذب نظر لباس پہن کر نکلنے کی ممانعت اور اسی انداز کے اور بھی قوانین ہیں ۔۔ (مستفاد و ملخص از مضمون حضرت مولانا سید شاہ محمد منت اللّٰہ صاحب رحمانی رح بحوالہ ماہنامہ ھدایت جئے پور شمارہ مارچ 2015ء)
بہر حال اختصار کرتے کرتے بھی مضمون دراز ہوگیا اس کے لئے معذرت چاہتے ہیں ، اور یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اس موضوع پر جتنا کچھ مواد ہوسکتا ہے ، ان شاء الگ الگ عنوان سے آپ کی خدمت میں پیش کریں گے تاکہ ہم کو آپ کو اس موضوع سے متعلق اچھی معلومات حاصل ہوجائے اور ہم اس پر یعنی مسلم پرسنل لا پر ہر وقت عمل کرنے کے لئے بھی تیار رہیں ۔۔۔۔
نوٹ / اس مضمون کو تیار کرنے میں مختلف مراجع سے استفادہ کیا گیا ہے ۔۔

اپنی راۓ یہاں لکھیں